نئی دہلی،27 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو نے بدھ کو کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس (این سی) اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لوک سبھا انتخابات لڑ کر خوش ہیں، جبکہ بی جے پی ریاست میں اسمبلی انتخابات چاہتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے انتخابات کمیٹی سے جلد سے جلد ریاست میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے کو کہا ہے۔رام مادھو نے کہاکہ کچھ امیدوار ’پاکستان زندہ باد‘کے نعرے لگا رہے ہیں جبکہ دیگر اپنی پارٹی کے لوگوں کو ’مجاہدین‘ بلا رہے ہیں۔ہم اکبر لون کے خلاف ایف آئی آردرج کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں اور این سی سے جواب چاہتے ہیں۔بی جے پی کی طرف سے پی ڈی پی کے ساتھ حکمران اتحاد سے ’قومی مفاد‘ میں الگ ہونے کی بات کہتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے اتحاد سے نکلنے کے بعد کشمیر کے حالات میں بہتری آئی ہے۔این سی اور کانگریس کے انتخاب سے قبل اتحاد کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ان کا جموں میں اتحاد ہے، لیکن وہ کشمیر میں لڑ رہے ہیں۔وہ بی جے پی اور مودی کے خلاف کئی طرح کی چال چلنے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں ایسا کرنے دیجئے۔